210

ایرانی پاسداران انقلاب کے اعلی عہدیدار شام سے فرار، شامی فوجیوں نے عراق میں پناہ لے لی

واشنگٹن (ش ح ط) شام میں باغی جنگجو ملک کے اہم شہر حمص میں داخل ہو چکے ہیں اور ہوائی اڈے سمیت دیگر اہم مقامات پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

ڈیلی اردو مانیٹرنگ سیل کے مطابق باغی فورسز دارالحکومت دمشق کی طرف بڑھ رہی ہیں اور شام کے تیسرے بڑے شہر حمص میں بھی داخل ہوچکی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق باغیوں نے حمص شہر پر قبضہ کرلیا ہے۔ ایک دن پہلے،باغی جنگجوؤں نے شام کے چوتھے بڑے شہر حما پر قبضہ کیا تھا، جس پر ردعمل میں سرکاری فوج نے کہا تھا کہ وہ شہر کے اندر لڑائی سے بچنے اور شہریوں کی جان بچانے کے لیے پیچھے ہٹ گئی تھی۔

دریں اثنا باغیوں نے جنوب مغربی شام کے مکمل حصے پر غلبہ حاصل کرنے کے علاوہ صنمین شہر پر قبضے کا دعویٰ کیا۔

ادھر امریکی میڈیا کے مطابق شام میں موجود ایران کی پاسداران انقلاب کے اعلی فوجی عہدیدار شام سے فرار ہوچکے ہیں، تمام ایرانی فوجی عہدیدار خصوصی پرواز کے ذریعے دمشق سے تہران روانہ ہوئے۔

ادھر عراقی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو ہزار کے قریب شامی فوجیوں نے عراق میں پناہ لے لی ہے۔

دارالحکومت اور بحیرہ روم کے درمیان اہم سنگم حمص شہر پر قبضے کے بعد دمشق کا روسی اتحادیوں کے بحری اور فضائی اڈوں سے رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔

دوسری جانب صدر بشار الاسد کہاں ہیں اس حوالے سے بھی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ لوگ ملک میں آنے اور جانے والی پروازوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ یہ جان سکیں کہ کہیں ملک کے صدر دمشق چھوڑ کر تو نہیں چلے گئے۔

تاہم ان صدر کے دفتر سے جاری بیان میں بشار الاسد کے دمشق چھوڑنے کی خبروں کی تردید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ دارالحکومت میں ہی اپنے کام میں مصروف ہیں۔

تاہم صدر بشار الاسد ابھی تک کہیں نظر نہیں آئے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں