222

شام میں بشار الاسد دور کے خاتمے پر عالمی ردعمل، کس نے کیا کہا؟

برلن (ڈیلی اردو/ رائٹرز/اے پی/اے ایف پی/ڈی پی اے) شام کی کئی سالہ خانہ جنگی میں آج اتوار آٹھ دسمبر کی صبح صدر بشار الاسد کے دور اقتدار کے خاتمے کی صورت میں آنے والے نئے موڑ نے مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورت حال کے حوالے سے پہلے ہی سے پائی جانے والی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

شامی اپوزیشن گروپ حیات تحریر الشام کے جنگجو دشمق میں داخل ہو چکے اور صدر اسد ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔ اس صورت حال میں بہت سے بین الاقوامی رہنماؤں نے اپنے ردعمل میں تنبیہ بھی کی اور مستقبل کے بارے میں امید کا اظہار بھی کیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن

شام کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں امریکہ میں وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، ”صدر جو بائیڈن اور ان کی ٹیم شام میں پیش آنے والے غیر معمولی حالات پر بہت قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں اور امریکی انتظامیہ اس بارے میں مشرق وسطیٰ میں اپنے پارٹنرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔‘‘

نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے، جو اگلے ماہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، شام کی صورت حال کے بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کردہ اپنے ایک بیان میں کہا، ”اسد جا چکے۔ وہ ملک سے فرار ہو گئے۔ ان کے محافظ روس کی ولادیمیر پوٹن کی قیادت میں بشار الاسد کی مزید حفاظت کرتے رہنے میں دلچسپی ختم ہو گئی تھی۔‘‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا، ”روس اور ایران اس وقت کمزور ہو چکی حالت میں ہیں۔ ایک یوکرین کی جنگ اور بری معیشت کی وجہ سے، اور دوسرا اسرائیل اور اس کی عسکری کامیابیوں کے باعث۔‘‘

اطالوی وزیر خارجہ انٹونیو تاجانی

اطالوی وزیر خارجہ انٹونیو تاجانی نے شام میں پیش آنے والے واقعات کے بارے میں ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا، ”ہم شام میں موجودہ صورت حال پر توجہ لیکن تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہمارا دمشق میں اطالوی سفارت خانے اور روم میں ملکی وزیر اعظم کے دفتر کے ساتھ بھی مسلسل رابطہ ہے۔‘‘

شام کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب

اقوام متحدہ کے شام کے لیے خصوصی مندوب گائر پیڈرسن نے اپنے رد عمل میں کہا کہ اہم ترین بات کئی ملین شامی باشندوں کی طرف سے ظاہر کردہ یہ واضح خواہش ہے کہ اس وقت ملک میں ہر کسی کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے امن اور استحکام کے لیے کوششیں کی جانا چاہییں۔‘‘

پیڈرسن نے اپنے بیان میں کہا، ”اب جب کہ تمام شامی باشندے مل کر اپنے معاشرے کی تعمیر نو کرنا چاہتے ہیں، سبھی شامی شہریوں کو مکالمت کے ساتھ اور مل کر، انسان دوستی کے بین الاقوامی قانون کا احترام کرتے ہوئے، اپنے اور اپنے ملک کے بہتر اور مستحکم مستقبل کے لیے کام کرنا چاہیے۔‘‘

برطانوی نائب وزیر اعظم

برطانوی نائب وزیر اعظم اینجلا رینر نے بشار الاسد کے دور اقتدار کے خاتمے پر کہا کہ برطانیہ شام میں اسد حکومت کے خاتمے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ لندن حکومت شام سے تمام برطانوی شہریوں کے انخلا کے لیے پہلے ہی سے کام کر رہی تھی۔‘‘

چینی حکومت کا ردعمل

بیجنگ میں چینی حکومت نے شام کی تازہ ترین صورت حال پر اپنے رد عمل میں امید ظاہر کی کہ مشرق وسطیٰ کا یہ ملک ”جلد از جلد استحکام کی طرف‘‘ لوٹ آئے گا۔ اسلام پسند شامی باغیوں کے دمشق پر قبضے اور صدر اسد کے ملک سے فرار ہو جانے کے تناظر میں بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا، ”چین شام میں پیش آنے والے واقعات پر بہت قریب سے گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور امید کرتا ہے کہ یہ ملک جلد از جلد واپس استحکام کی طرف لوٹ آئے گا۔‘‘

شام کے مستقبل کے فیصلوں میں بیرونی مداخلت نہیں ہونی چاہیے، ایران

ایران کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام کے مستقبل کے فیصلوں کے ذمے دار اس کے عوام ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران شام کے اتحاد، قومی اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ شام کے مسقبل کی فیصلہ سازی اس کے عوام کی ذمے داری ہے جس میں بیرونی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران شام کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا اور خطے سمیت اس معاملے میں اثر و رسوخر رکھنے والے ہر فریق سے مشاورت کرے گا۔

شامی حکومت میں سب کو نمائندگی ملنی چاہیے، ترکیہ

ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حقان فیدان نے کہا ہے کہ شام میں قائم ہونے والی حکومت میں تمام فریقوں کی نمائندگی ہونی چاہیے۔

دوحہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب شام کے لوگ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شام اپنی تعمیر نو اور بحالی اپنے بل پر نہیں کرسکتا اس لیے علاقائی اور عالمی فریقین کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ دہشت گردوں کو شام کی صورتِ حال کا فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔

اس سوال پر کہ بشار الاسد کہاں ہیں؟ ترک وزیرِ خارجہ نے کہا کہ وہ اس پر تبصرہ نہیں کرسکتے تاہم انہوں ںے خیال ظاہر کیا کہ سابق شامی حکمران اپنا ملک چھوڑ چکے ہیں۔

شام کی وحدت، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے حامی ہیں، پاکستان

پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ شام کی وحدت، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے حامی رہے ہیں اور اس متعلق اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شام میں بدلتی صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق شام میں موجود پاکستانی محفوظ ہیں اور انہیں نقل و حرکت میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں