یروشلم (ڈیلی اردو/بی بی سی) اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے شامی باغیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران سے ہاتھ ملانے سے باز رہیں اور اگر انھوں نے ایران کو شام میں تنظیم نو کی اجازت دی تو پھر ان کا بھی وہ حشر ہو گا جو اس سے قبل بشار الاسد حکومت کا ہوا۔
ایکس پر ایک ویڈیو پیغام میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ شامی باغی ایران یا حزب اللہ کو ہتھیار واپس کریں اور نہ انھیں اپنی سرزمین پر قدم جمانے کا موقع دیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر ایسا کچھ کیا گیا تو پھر شامی باغیوں کو اس کی بھاری قیمت چکانی ہو گی اور اسرائیل طاقت کا استعمال کرے گا۔
اسرائیل کے وزیراعظم کا بیان ایک ایسے وقت پر آیا جب پہلے ہی اسرائیل کی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ وہ اس وقت گولان کی پہاڑیوں میں بفر زون میں بھی داخل ہو گئی ہے۔
اسرائیل کی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے سینکڑوں حملوں میں گذشتہ 48 گھنٹوں میں شام میں تمام سٹریٹجک ہتھیاروں کے ذخائر تباہ کر دیے ہیں۔
ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کی بحریہ نے شام کی دو بحریہ کی جگہوں کو نشانہ بنایا ہے اور اس کے علاوہ سمندر سے سمندر میں 80 سے 190 کلومیٹر تک مار کرنے والے میزائل بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے 15 بحری جہاز بھی تباہ کیے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے 480 فضائی حملے کیے ہیں اور شام میں اینٹی ایئر کرافٹ بیریئرز، ایئرفیلڈز، ہتھیار بنانے والی فیکٹریوں، ہتھیاروں کے ڈپو، فوجی سٹرکچرز، لانچرز اور فائرنگ پوزیشن کو ہدف بنایا ہے۔
’اسرائیل صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے‘، عرب ممالک
کچھ عرب ممالک نے گولان کی پہاڑیوں میں بفر زون میں اسرائیلی فوج کے قبضے کی مذمت کی ہے۔
مصر، قطر اور سعودی عرب نے کہا ہے کہ اسرائیل کا یہ اقدام شام کی خود مختاری، بین الاقوامی قانون اور 1974 کے ’ڈِس انگیجمنٹ‘ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
قطر کے دفتر خارجہ کے ایک ترجمان نے منگل کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال ان کے لیے ناقابل قبول ہے کہ اسرائیل اس وقت حالات کا ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے۔
عرب ممالک کی طرف سے یہ مذمت ایک ایسے وقت پر کی گئی جب یہ خبریں سامنے آئیں کہ اسرائیل افواج دمشق کی طرف پیشقدمی کر رہی ہیں۔
اسرائیل کے فوجی حکام نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔ تاہم اس کے بعد اسرائیلی افواج نے اس کی تصدیق کی کہ وہ غیر فوجی علاقے سے باہر بھی جا کر کارروائی کر سکتی ہیں۔
اسرائیل کی فوج نے دمشق کی طرف پیشقدمی کو جعلی خبر قرار دیا ہے۔