211

فرانس کا اسرائیل سے شام کے بفر زون سے فورسز نکالنے کا مطالبہ

پیرس (ڈیلی اردو/وی او اے/اے ایف پی) فرانس کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ اسرائیل ملحقہ گولان کی پہاڑیوں کو شام کی سرحد سے الگ کرنے والے بفر زون سے اپنی فورسز کو نکال لے۔

فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل اور شام کو الگ کرنے والے زون میں کوئی فوجی تعیناتی، سن 1974 کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتین یاہو نے اتوار کو کہا تھا کہ انہوں نے باغیوں کے ہاتھوں شام کے صدر بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد اپنی فورسز کو شام کے کنٹرول والی گولان کی پہاڑیوں کے غیر فوجی علاقے پر قبضہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس تصویر میں بفرزون میں اسرائیلی فوجیوں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت دکھائی دے رہی ہے۔ 11 دسمبر 2024
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ فرانس اسرائیل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بفر زون سے نکل جائے اور شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرے۔

اس علاقے میں اقوام متحدہ کی امن فوج گشت کرتی ہے جو یو این ڈی او ایف کے نام سے موسوم ہے۔

عالمی ادارے نے پیر کو خبردار کیا تھا کہ اسرائیل شام کے ساتھ 1973 میں ہونے والے جنگ کے خاتمے کے 50 سالہ معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ایک اہل کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے بفر زون میں سات پوزیشنوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔

فرانس کی جانب سے بفر زون خالی کرنے کے مطالبے سے قبل سعودی عرب، ایران، روس اور ترکی، اسرائیل کے اس اقدام کی مذمت کر چکے ہیں اور امریکہ یہ مطالبہ کر چکا ہے کہ بفر زون میں اسرائیل کی مداخلت عارضی ہونی چاہیے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں