15

خیبر پختونخوا کی ایپکس کمیٹی کا کُرم میں تمام بنکرز اور بھاری اسلحہ ختم کرنے کا فیصلہ

پشاور (ڈیلی اردو/بی بی سی) صوبہ خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی نے کُرم میں قیام امن کے لیے تمام بنکرز ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں مشترکہ طور پر خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ کے علاوہ کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوااور اعلیٰ سول و عسکری حکام کی شرکت کی۔

اجلاس میں ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کُرم میں بنکرز اور اسلحے کے خاتمے کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ہے۔ کُرم میں ادویہ اور دیگر اشیا بروقت فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں امن امان کے لیے قائم گرینڈ جرگہ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور نگراں کمیٹی کو صلح کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے گرینڈ جرگہ سے ملاقاتیں جاری رہیں گی۔

اجلاس میں کن امور پر اتفاق ہوا؟

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ کے علاوہ کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوااور اعلیٰ سول و عسکری حکام کی شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کے لیے طویل مشاورت کے بعد لائحہ عمل کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اجلاس میں کرم کے دونوں فریقین سے اسلحہ جمع کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ دونوں فریق تمام اسلحہ جمع کریں گے جس کے لیے فریقین حکومت کی ثالثی میں آپس میں ایک معاہدے پر دستخط کریں گے۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق کرم کا مسئلہ صرف علاقائی نہیں بلکہ ایک قومی اور سنجیدہ مسئلہ ہے۔ اس مسئلے پر کسی کو اپنی سیاست چمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اعلامیے کے مطابق اس ’مسئلے پر بعض سیاسی قائدین کی طرف سے سیاسی بیانات قابل افسوس ہیں۔‘

اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ’کرم کے مسئلے پر صوبائی اور وفاقی حکومتیں اور تمام متعلقہ ادارے ایک ہی پیج پر ہیں۔‘

اجلاس کے مطابق کرم میں بچوں کی اموات کو غلط رنگ دیا جا رہاہے اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ صوبائی حکومت نے کرم کے مسئلے کو جرگوں کے ذریعے پر امن انداز میں حل کرنے کی تمام کوششیں کی ہیں۔ امید ہے مسئلے کے پائیدار حل کے لئے فریقین حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق ’علاقے کے لوگوں کی مشکلات کو ختم کرنے کے لیے حکومت کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔‘

صوبے میں امن و امان کیلئے وفاقی حکومت اقدامات اُٹھائے‘

وزیراعلیٰ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے لیے وفاقی حکومت اقدامات اُٹھائے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک بھر میں امن امان برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہر سطح پر امن یقینی بنانے کے لیے اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اور عسکری حکام نے بریفنگ دی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں