سعودی سیکیورٹی فورسز کا آپریشن: ایک پاکستانی سمیت 55 شدت پسند گرفتار

ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں ایک پاکستانی سمیت 7 ممالک کے 55 شدت پسندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ریاستی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 7 ممالک کے 55 افراد گرفتار کیے گئے ہیں جن میں 34 سعودی شہری بھی شامل ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے 9 کا تعلق یمن، دو کا مصر جبکہ پاکستان، شام، میانمار اور افغانستان کا ایک، ایک شہری شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق تمام ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ تین ماہ کے دوران حکام نے دہشت گردی کے الزامات میں 178 افراد گرفتار کیے ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب کے مشرقی صوبے القطیف میں واقع ابو حدریہ کے نزدیک چار دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کی تھی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں مبینہ طورپر 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں حقوق نسواں کے لیے آواز بلند کرنے والے دو امریکی شہریوں سمیت 7 سوشل میڈیا بلاگرز کو گرفتار کیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں