بنوں (نمائندہ ڈیلی اردو) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں سے گولیوں سے چھلنی ایک لاش برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ لاش وزیر زادہ نامی پولیس اہلکار کی ہے۔ وزیر زادہ کا تعلق سب ڈویژن کے علاقے سکندر خیل بنوں سے تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ہیڈ کانسٹیبل کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی، خدشہ ہے کہ اسے نامعلوم شدت پسندوں نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اہلکار ایڈیشنل سیشن جج کے ساتھ بطور سیکورٹی گارڈ ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا۔
لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے لکی مروت، بنوں اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بدامنی کے پے در پے واقعات سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔