خاشقجی قتل کیس: امریکا نے 16 سعودی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی وزارت خارجہ نے سعودی صحافی جمال خاشقجی قتل میں ملوث ہونے پر 16 سعودی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے 16 سعودی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے، سعودی شہریوں پر صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہونے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان افراد میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے سابق مشیر سعود القحطانی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ جمال خاشقجی کیس میں امریکا پہلے بھی 24 سعودی شہریوں کے ویزا کالعدم اور 17 کے اثاثے منجمد کرچکا ہے۔

امریکی حکومت نے ترکی کی جانب سے فراہم کی جانے والی خاشقجی قتل سے قبل ٹیپ کی جانے والی آڈیو ریکارڈنگ کو سننے کے بعد سعودی حکام کے امریکا داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 2 اکتوبر کو سعودی صحافی جمال خاشقجی استنبول میں سعودی سفارت خانے گئے تھے جہاں انہیں قتل کردیا گیا تھا۔

بیس اکتوبر کو سعودی عرب نے باضابطہ طور پر یہ اعتراف کیا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں قائم سفارت خانے کے اندر جھگڑے کے دوران قتل کیا گیا۔

خیال رہے کہ ترک صدر رجیب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ جمال خاشقجی کے قتل کا حکم سعودی عرب کی اعلیٰ ترین سطح سے آیا تھا، سعودی ولی عہد کے اقدامات کا تحمل سے انتظار کررہے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں