پاڑہ چنار امن معاہدے کیلئے گرینڈ جرگہ کل ہوگا: ’فریقین کا تقربیا تمام شرائط پر اتفاق ہو چکا ہے‘

پشاور (ڈیلی اردو/بی بی سی)پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کُرم کے صدر مقام پاڑہ چنار جانے والی رابطہ سڑکیں کھلوانے اور دیگر تنازعات کے حل کے لیے ہونے والا گرینڈ جرگہ بدھ کو ہو گا۔

اس سے قبل سوموار کے روز صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا تھا کہ منگل کے روز جرگہ منعقد ہوگا جس میں امن معاہدے پر دستخط کرلیے جائیں گے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے امن جرگے کے رکن ڈاکٹر عبدالقادر نے بتایا کہ صوبائی حکومت سمجھ رہی تھی کہ جرگہ منگل کو ہوگا حالانکہ ہم نے بدھ کا کہا تھا۔

ان کا کہنا ہے فریقین کا ایک نقطے کو چھوڑ کر معاہدے کی تمام شرائط پر اتفاق ہو چکا ہے۔ ’ایک نقطہ جس پر ہم اب بھی کھڑے ہیں وہ یہ ہے کہ اگر مقررہ وقت تک اسلحہ جمع نہ کروایا گیا تو علاقے میں فوجی آپریشن کیا جائے اور اسی پر ڈیڈ لاک ہے۔‘

کرم میں قیام امن اور اسلحے کی حوالگی کا مجوزہ معاہدہ کیا ہے اور اس میں تاخیر کیوں؟

ڈاکٹر عبدالقادر کا کہنا ہے کہ اگر کل بھی یہ مطالبہ معاہدے میں شامل نہیں کیا جاتا تو پھر ڈیڈلاک برقرار رہے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ایپکس کمیٹی میں فیصلہ ہوا تھا کہ اسلحہ حکومت کے پاس جمع کروایا جائے گا ہم نے بھی ہم اس تجویز کی حمایت کی تھی تاہم دوسرے فریق کا کہنا ہے کہ اسلحہ قومی مشران کے پاس جمع کیا جائے۔

ڈاکٹر عبدالقادر کا کہنا ہے ہماری جانب سے یہ بھی تجویز رکھی گئی ہے کہ اگر مقررہ وقت تک اسلحہ جمع نہ کروایا گیا تو فوری آپریشن کیا جائے تاکہ گھر گھر تلاشی لے کر اسلحہ جمع کیا جائے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں