پاکستان اور بھارت کا جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان اور بھارت نے آج اپنی اپنی جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ کیا۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا دونوں ممالک کے درمیان فہرستوں کا تبادلہ جوہری تنصیبات پر حملوں کی ممانعت کے معاہدے کے تحت ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی گئی۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ نے بھارت کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کردی۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ پر اکتیس دسمبر 1988 کو دستخط کیے گئے، معاہدے کے تحت ہر سال دونوں ممالک یکم جنوری کو اپنی جوہری تنصیبات کے بارے میں ایک دوسرے کو مطلع کرتے ہیں، دونوں ممالک یکم جنوری 1992 سے فہرستوں کا تبادلہ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل یکم جولائی 2024 کو پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے سے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا تھا، دونوں ممالک کے درمیان موجود ایک معاہدے کے تحت پڑوسی حریف ہر 6 ماہ بعد ایک دوسرے کی جیلوں میں قید افراد کی تفصیلات کا تبادلہ کرتے ہیں۔

قیدیوں کی فہرستوں کا بیک وقت تبادلہ 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہوتا ہے، معاہدے کے تحت دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کی جانب سے 254 بھارتی قیدیوں اور ماہی گیروں کی فہرست بھارت کے حوالے کی گئی تھی جب کہ بھارت نے 452 پاکستانی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کیں۔

پاکستان کی جانب سے لاپتا 38 پاکستانی دفاعی اہلکاروں کی فہرست بھی فراہم کی گئی تھی جو 1965 اور 1971 کی جنگ کے بعد سے بھارت کی تحویل میں ہیں۔

شفقت علی خان ترجمان دفترخارجہ مقرر

سینئر سفارت کار شفقت علی خان کو دفترخارجہ کا ترجمان مقررکردیا گیا۔

وزارت خارجہ سے جاری نوٹئفیکیشن میں کہا گیا کہ سینئر سفات کار شفقت علی خان کو ترجمان دفتر خارہ مقرر کردیا گیا ہے۔

شفقت علی خان کو ممتاز زہرہ بلوچ کی جگہ دفترخارجہ کا نیا ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔

قبل ازیں سینئر سفارت کار کو ترجمان دفترخارجہ مقرر کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق شفقت علی خان اس وقت ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ برائے یورپ تعینات ہیں اور اس سے قبل روس میں بطور سفیرپاکستان تعینات رہے اور پولینڈ میں بھی پاکستانی سفیر کے طور پر کام کرچکے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کو فرانس میں پاکستان کی سفیر تعینات کردیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں