کابل (نیوز ڈیسک) افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کے حملوں میں 20 سیکیورٹی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
افغانستان میں موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی طالبان کے حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ رات گئے صوبہ قندہار افغان فوج کی سرحدی چوکی پر طالبان کے حملے میں 20 فوجی جاں بحق اور 8 لاپتہ ہوگئے۔
افغان حکام کے مطابق خدشہ ہے کہ لاپتہ فوجیوں کو طالبان اغوا کرکے لے گئے ہیں۔ قندہار پولیس کے سیکرٹری قاسم آزاد نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جوابی کارروائی میں 17 طالبان جنگجو بھی ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے چوکی پر قبضے کا دعویٰ کیا تاہم افغان حکومت نے کہا ہے کہ فوجی بدستور ان کے کنٹرول میں ہے۔
ادھر صوبہ بادغیس میں طالبان نے ضلع بالا مرغاب پر بڑا حملہ کیا ہے اور وہاں گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ وہاں اب تک 30 افغان سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 100 سے زائد طالبان بھی مارے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی امریکی فوجی اڈے بگرام کے قریب طالبان کے حملے میں 4 امریکی فوجی ہلاک اور 3 امریکی فوجی زخمی بھی ہوگئے تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 18 سالہ سے جاری اس جنگ کے خاتمے کے لیے طالبان سے مذاکرات بھی کررہے ہیں۔