واشنگٹن (ش ح ط) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس اسٹیشن ڈھوڈی والا کی حدود میں تین اہلکاروں کو شدت پسندوں نے اغوا کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسلح شدت پسندوں نے کرک اور میانوالی اضلاع کی سرحد سے متصل دادی والا تھانے کی حدود میں واقع وانڈا گلپہ کے علاقے کے قریب ایک دیہی سڑک بند کر دی تھی، اور گاڑیوں کی چیکنگ کر رہے تھے، شاہ سلیم نامی علاقے اور ضلع کرک کے دیگر حصوں کے رہائشی میانوالی اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں جانے کے لیے لکی مروت کی دیہی سڑکیں استعمال کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی مسافر کوچ میں کرک سے میانوالی جارہے تھے، دہشت گردوں نے انہیں گاڑی سے اتارا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تینوں اہلکاروں کا تعلق پاک آرمی سے بتایا جاتا ہے۔
تاحال کسی بھی گروپ یا تنظیم نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم لکی مروت اور دیگر جنوبی اضلاع میں شدت پسندوں کے محسود طالبان، داوڑ طالبان، وزیر طالبان اور گنڈا پور گروپ زیادہ منظم ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر پولیس اور سیکورٹی اداروں نے علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب بنوں میں موٹر سائیکل سواروں نے ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ (ڈی ایس بی) کے کانسٹیبل کامران خان کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔