لکی مروت: دہشت گردوں کا بینک وین پر راکٹ لانچر سے حملہ، سیکورٹی گارڈ سمیت 3 پولیس اہلکار ہلاک

لکی مروت (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نجی بینک کا کیش لے جانے والی وین پر دہشت گردوں نے راکٹ لانچروں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک سیکورٹی گارڈ ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملہ لکی مروت کے علاقے منجی والا کے قریب کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ دہشت گردوں نے وین پر راکٹ لانچروں سے حملہ کیا، حملے میں وین کے ساتھ موجود ایک نجی کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق زخمیوں کو لکی سٹی ہسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔

قبل ازیں اسی ضلع کے علاقے خیروخیل پکہ کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ہلاک اہلکاروں میں حکمت اللہ اور خان بہادر شامل ہیں، دونوں اہلکار ڈاک ڈیوٹی پر تعینات تھے اور موٹرسائیکل پر ڈاک لینے تھانے جا رہے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ حکمت اللہ تھانہ پیزو اور خان بہادر تھانہ شہباز خیل میں تعینات تھے، واردات کے بعد دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں