پشاور (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے شورش زدہ شہر پاراچنار کیلئے بھجوائے گئے امدادی سامان سے لدے ٹرک واپس روانہ ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے پاراچنار کیلئَے بھجوائے گئے امدادی سامان سے لدے ٹرک راستہ نہ کھلنے کے باعث واپس روانہ ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر گوہر زمان وزیر کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کے 17 ٹرک اور صوبائی حکومت کے 63 ٹرک ٹل پہنچے تھے،جس میںامدادی سامان لدا ہوا تھا، لیکن اس دوران بھی امدادی سامان پاراچنار پنچانے کیلئے روڈ کلیئر نہ ہو سکا، جس کی وجہ سے امدادی سامان کے کانوائے کو ٹل سکاؤٹس کمپاونڈ میں ٹہرایا گیا۔
انہوں نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ان امدادی سامان سے لدے 80 ٹرکوں میں سے 51 ٹرک پشاور واپس روانہ کر دیے گئے، ان روانہ کئے جانے والے ٹرکوں میںِ جلد خراب ہونے والی اشیاء موجود ہونے کی وجہ سے اقدام اٹھایا گیا اور ٹرک واپس روانہ کر دیئے گئے۔
گوہر زمان وزیر کا کہنا ہے کہ ٹل میں امن کمیٹی، جرگہ مشیران اور انتظامی افسران کے درمیان مزاکرات جاری ہیں، کوشش ہے کہ ٹل پاراچنار روڈ کو محفوظ بنانے کا عمل کامیاب ہو جائے۔ یاد رہے کہ پاراچنار کیلئے بھجوائے گئے امدادی سامان سے لدے ٹرک واپس روانہ ہو گئے۔