کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ ایک راہگیر بچہ ہلاک ہوگیا ہے۔
اس واقعے کے حوالے سے ایس پی سریاب احمد ولی طلحہ نے فون پر برطانوی خبر رساں ایجنسی بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے سریاب کے علاقے شریف آباد میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے علاوہ کوئی دھماکہ خیز مواد بھی پھینکا۔
انھوں نے کہا کہ اس حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ اس دوران ایک راہگیر بچہ ہلاک ہوا۔
ایس پی سریاب احمد ولی طلحہ کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی تاہم حملہ آور فرار ہوگئے۔
انھوں نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔