اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں درجنوں ہلاکتیں

غزہ (ڈیلی اردو/اے ایف پی/رائٹرز) طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز غزہ شہر کے علاقے شیخ رضوان میں ایک کثیر المنزلہ مکان پر ہونے والے فضائی حملے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک اور حملے میں قریبی مضافاتی علاقے زیتون میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔

غزہ کے وسطی شہر دیر البلاح میں، جہاں لاکھوں فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں، اسرائیلی فضائی حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے، جبکہ طبی ذرائع کے مطابق جبالیہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔

منگل کے روز اسرائیلی فوج کے حملوں میں غزہ پٹی میں کم از کم 24 فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔ طبی ماہرین نے بتایا کہ جنوبی شہر خان یونس کے مغرب میں واقع مواسی میں خیمہ بستی پر دو فضائی حملے کیے گئے، جس میں 18 افراد ہلاک ہوئے۔ مرنے والوں میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے ان واقعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

غزہ جنگ: صدر بائیڈن کے دور میں امن معاہدے کی کوششیں تیز تر

دوسری طرف امریکہ، قطر اور مصر کی جانب سے جنگ بندی تک پہنچنے کی کوششیں بھی گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہیں۔ ان مذاکرات کے بارے میں معلومات رکھنے والے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کسی معاہدے تک پہنچنے کی اب تک کی سب سے سنجیدہ کوشش ہے۔

امریکی انتظامیہ نے صدر جو بائیڈن کے عہدہ چھوڑنے سے قبل معاہدے کو ممکن بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اسی سبب خطے میں بہت سے لوگ 20 جنوری کو نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کو اس حوالے سے ایک غیر سرکاری ڈیڈ لائن کے طور پر دیکھتے ہیں۔

مذاکرات کے بارے میں آگاہی رکھنے والے ایک ذریعے نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا، ”حالات پہلے سے کہیں بہتر ہیں لیکن ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔‘‘

خیال رہے کہ ابھی تک اس تنازعے کے دونوں فریق ایک دوسرے پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ معاہدے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ایک سال سے زیادہ عرصے سے امن کی تمام کوششوں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔

یرغمالیوں کی رہائی کیلئے اسرائیل جنگ ختم کرے، حماس کا مطالبہ

منگل سات جنوری کو حماس نے اپنے اس مطالبے پر قائم رہنے کا اعادہ کیا کہ وہ باقی یرغمالی صرف اسی صورت میں رہا کرے گی، جب اسرائیل جنگ ختم کرنے اور غزہ سے اپنے تمام فوجیوں کو واپس بلانے پر رضامند ہو جائے گا۔ مگر اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک جنگ ختم نہیں کرے گا، جب تک حماس کا خاتمہ نہیں ہو جاتا اور تمام یرغمالیوں کو رہا نہیں کرا لیا جاتا۔

غزہ میں ہلاکتیں 46 ہزار کے قریب پہنچ گئیں، طبی حکام

غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی ملٹری کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ پٹی میں مزید 51 افراد مارے گئے ہیں۔ حماس کے زیر انتظام کام کرنے والی اس وزارت کے مطابق اس طرح اس فلسطینی علاقے میں سات اکتوبر 2023ء سے جاری جنگ کے نتیجے میں ہونے والی فلسطینی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 45,936 ہو گئی ہے۔

اس وزارت کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی کم از کم تعداد 109,274 ہے۔

سات اکتوبر 2023ءکو فلسطینی عسکریت پسند گروپ نے اسرائیل کے اندر دہشت گردانہ حملے کیے تھے، جن کے نتیجے میں 1200 افراد مارے گئے تھے جبکہ 250 کے قریب افراد کو یرغمال بنا کر غزہ پٹی لے جایا گیا تھا۔ ان حملوں کے بعد اسرائیل نے غزہ میں حماس کے خلاف ملٹری کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں