شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث سی ٹی ڈی کراچی کے ایک افسر سمیت مزید 3 اہلکار معطل

کراچی (ڈیلی اردو) ‏کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی آصف اعجاز شیخ نے شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور تحقیقات کی روشنی میں سول لائنز انٹیلیجنس ونگ کے سب انسپکٹر اور 2 دو اہلکاروں کو معطل کر دیا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ نے شہری کی شاٹ ٹرم کڈنیپنگ کا واقعہ سامنے آنے اور اے وی سی سی کی تحقیقات کی روشنی میں سی ٹی ڈی سول لائن میں قائم انٹیلیجنس ونگ میں تعینات سب انسپکٹر راجا محمد بشیر اور دو پولیس اہلکاروں کانسٹیبل محمد عمر اور صاحبزادہ علی رضا کو معطل کرنے کا حکم نامہ جاری کر کے ان کا سسپنڈ کمپنی آپریشن سی ٹی ڈی تبادلہ کر دیا۔

واضح رہے کہ کرپٹو کرنسی کا کاروبار کرنے والے شہری ارسلان کو منگھوپیر کے علاقے سے بغیر نمبر پلیٹ کی پولیس موبائل میں سوار سادہ لباس افراد نے اغوا کیا تھا۔

ملزمان بعدازاں صدر پاسپورٹ آفس کے قریب لے جا کر شہری ارسلان کے موبائل فون کی مدد سے اس کے اکاؤنٹ میں موجود 3 لاکھ 40 ہزار ڈالرز مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کر کے انہیں مزار قائد کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔

حکام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے پولیس اہلکار سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کیا تھا بعدازاں پولیس نے ایک اور ملزم کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

اس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ سی ٹی ڈی سول لائنز انٹیلیجنس ونگ میں تعینات کانسٹیبل علی رضا تاحال فرار ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں