ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے اہداف پر اسرائیل کے نئے فضائی حملے

یروشلم (ڈیلی اردو/اے پی/وی او اے) اسرائیل کی ڈیفینس فورس، آئی ڈی ایف نے جمعے کو بتایا کہ اسرائیل کی ائیر فورس کے جیٹ طیاروں نے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی گروپ کے اہداف پر حملے کیے ہیں۔

اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ یہ حملے اسرائیل کےخلاف حوثی دہشت گرد حکومت کی جانب سے بار بار کے حملوں کے رد عمل میں کیے گئے ہیں۔

رائٹرز نے اطلاع دی کہ ان حملوں میں سے ایک یمن کے دارالحکومت صنعا میں غزہ کے فلسطینیوں کی حمایت میں نکلنے والی ایک ریلی کے قریب ہوا۔

حوثیوں نے بھی ایک بیان میں حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے اس وقت ہوئے جب لوگ غزہ کے فلسطینیوں کی حمایت میں صنعا میں ریلی کر رہے تھے۔

آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ انہوں نے یمن کے مغربی ساحل پر راس عیسیٰ اور حدیدہ کی بندرگاہوں کے حوثی انفرااسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا۔

یمن کے المشراہ ٹیلی وژن نے تین لوگوں کےزخمی ہونےکی اطلاع دی۔ سیٹلائٹ چینل نے ایک ویڈیو براڈ کاسٹ کی جس میں شہر کے ال۔سبین چوک کے قریب دھواں اٹھتا ہوا دکھایا گیا تھا۔ ادارے نے خبر دی کہ فضائی حملوں نے دارالحکومت کے ایک پاور اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا۔

حوثیوں کی جانب سے جمعرات کو اسرائیل پر تین ڈرون لانچ کیے جانے سے قبل امریکی فوج نے کہا تھا کہ اس نے یمن میں بقول اس کے زیر زمین اسلحے کی تنصیبات پر سلسلے وار حملے کیے ہیں۔

حوثی عسکریت پسند، جنہیں ایران کی حمایت حاصل ہے، حالیہ ہفتوں میں اسرائیل پر اپنے ڈرون اور میزائلوں کے حملوں میں اضافہ کرتے رہے ہیں۔

حوثی باغیوں نے یمن کے قریب بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہازوں پر بار بار حملے کیے ہیں۔ باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ یہ حملے فلسطینیوں کی حمایت میں کر رہے ہیں۔

اسرائیل یمن کے صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ایران نوازحوثی باغیوں کے زیرِ انتظام کئی تنصیبات کو بار بار بمباری کا نشانہ بنا چکا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں