راولپنڈی (ک م) پاکستانی فوج نے جمعرات کے روز بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے شمالی وزیرستان کے علاقوں میں دو الگ الگ آپریشنز کے دوران سیکورٹی فورسز نے 9 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 11 جنوری 2025 کو ضلع شمالی وزیرستان میں دو مختلف واقعات میں نو شدت پسند ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا تھا۔ آپریشن کے دوران پاکستانی فوج کی جانب سے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں چھ شدت پسند ہلاک جبکہ دو کو حراست میں لے لیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’انٹیلی جنس کی بنیاد پر دوسرا آپریشن ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں کیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے تین شدت پسندوں کو ہلاک جبکہ دو کو زخمی کر دیا۔‘
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ان کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔‘