کرم کشیدگی: صوبائی حکومت نے ہیلی کاپٹر سروس دوبارہ شروع کردی، 1500 کلوگرام ادویات صدہ پہنچائی گئیں

پشاور (ڈیلی اردو/بی بی سی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر کرم کے لئے صوبائی حکومت کی ہیلی کاپٹر سروس کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان وزیر اعلی ہاوس کی جانب سے اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اتوار کے روز صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 کی کرم کے لئے پانچ پروازیں روانہ ہوئیں۔ جن میں سے پہلی پرواز کے ذریعے 1500 کلوگرام ادویات پشاور سے صدہ پہنچائی گئیں۔‘

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’اتوار کے روز ان خصوصی پروازوں کی مدد سے تین افراد کو صدہ منتقل کیا گیا جبکہ چھ افراد کو صدہ سے علیزئی منتقل کیا گیا۔ تاہم ایک اور پرواز کی مدد سے 43 افراد کو علیزئی سے ٹل منتقل کیا گیا۔‘

ترجمان وزیر اعلیٰ ہاوس کے مطابق ’مجموعی طور پر اتوار کے روز صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے 114 افراد کو ائیر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پاڑہ چنار سے پشاور آنے والی اہم شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے علاقے میں ادویات کے علاوہ کھانے پینے کی اشیا کی قلت کے علاوہ مریضوں کی منتقلی میں بھی مُشکلات کا سامنا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں