کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے لیاری میں دستی بم کے حملے میں ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔
ڈی آئی جی (جنوبی) سید اسد رضا نے نجی ٹی وی چینل ڈان نیوز نیوز کو بتایا کہ لیاری کے علاقے کالاکوٹ کی حدود میں ایک زیر تعمیر پلاٹ کے اندر دھماکے کی اطلاع ملی، جس کے نتیجے میں ایک 45 سالہ راہگیر علی محمد لاسی زخمی ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کو طلب کیا گیا تاکہ دھماکے کی نوعیت کا پتاچلایا جاسکے۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد ماہرین کی ٹیم اس نتیجے پر پہنچی کہ یہ دستی بم دھماکا تھا۔
سید اسد رضا کا کہنا تھا کہ پلاٹ کے مالک نے اپنے ابتدائی بیان میں بھتے کی تردید کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مزید تحقیقات سے پتا چلا کہ پلاٹ کا مالک زاہد لاڈلا نامی گینگسٹر کا ’طویل عرصے سے ساتھی‘ رہا اور اس سے رقم لے رکھی تھی۔
پولیس افسر نے خیال ظاہر کیا کہ ممکنہ طور پر یہ حملہ زاہد لاڈلا گینگ کی جانب سے کیا جاسکتا ہے، اس بات کی تصدیق کی کہ دستی حملے کا تعلق گینگ وار سے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی کو سول ہسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا۔