بنوں میں شدت پسندوں کا پولیس چوکی پر راکٹ لانچر سے حملہ، ایک اہلکار زخمی

بنوں (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے تھانہ ہوید میں پولیس چوکی پر شدت پسندوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ رات درجنوں شدت پسندوں نے بنوں کے علاقے تھانہ ہوید کی حدود میں پولیس چوکی پر حملہ کیا، 20 سے 30 شدت پسندوں نے راکٹ لانچر اور دیگر اسلحے سے حملہ کرکے چوکی کو نشانہ بنایا۔

حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا، جس کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہو گئے۔

شدت پسندوں کی فائرنگ سے پولیس چوکی اور چوکی پر نصب تھرمل گن کو نقصان پہنچا، پولیس نے فرار ہونے والے حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ شروع کردیا ہے۔

ترجمان بنوں پولیس کے مطابق شدت پسندوں کے حملے کے دوران علاقے کے عوام نے گھروں سے نکل کر پولیس کا ساتھ دیا اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشتگردوں سے بھرپور لڑائی کی۔
جس کی وجہ سے دہشتگرد بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔

ترجمان کے مطابق ڈی پی او بنوں ضیاء الدین احمد نے چوکی شیخ لنڈک کا دورہ کیا وہاں پر موجود جوانوں سے ملاقات کی ان کی بہادری کو سراہا اور انہیں نقد انعام دیا۔

ڈی پی او بنوں نے علاقے کے عوام سے بھی ملاقات کی اور پولیس کا ساتھ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کی۔

ڈی پی او بنوں ضیاء الدین احمد نے کہا ہے کہ بنوں پولیس عوام کی طاقت سے دہشتگردوں کو ہر محاذ پر شکست سے دوچار کرے گی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں