بنوں (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اسٹیشن پر شدت پسندوں نے بھاری ہتھاروں اور دستی بم سے حملہ کیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں نے جمعے اور ہفتے کی شب میرا خیل پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا جس کے بعد اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے۔
ڈیلی اردو کو پولیس حکام نے بتایا کہ شدت پسندوں نے پولیس اسٹیشن پر بھاری ہتھیار استعمال کیے۔ تاہم جوابی کارروائی میں شدت پسند فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق بنوں میں پولیس اسٹیشن پر شدت پسندوں نے ایک دستی بم بھی پھینکا جو صحن میں آ گرا۔
پولیس کے مطابق اسٹیشن کے صحن میں گرنے والےہینڈ گرنیڈ کو بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ حملے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جب کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔