واشنگٹن (ڈیلی اردو/اے پی/وی او اے/اے ایف پی/رائٹرز) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ روس پر یوکرین کے خلاف جنگ کرنے کی وجہ سے مزید پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔
جب نامہ نگاروں نے ان سے منگل کو مزید پابندیوں کے نفاذ کے امکانات کے بارے میں سوال کیا تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ “ایسا لگتا ہے۔”
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت یو کرین کے صدر و لو د و میر زیلنسکی سے بات چیت کر رہی ہے اور وہ جلد ہی روس کے صدر ولا د یمیر پو ٹن سے بات کرے گی۔
یورپی یونین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس بلاک کو یوکرین کو امداد فراہم کرنے پر بہت زیادہ خرچ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے روس کےفروری 2022 کے حملے کے بعد سے یو کر ین کو 175 ارب ڈالر کی امداد دی ہے۔
دوسری طرف یورپی یونین کا کہنا ہے کہ نیٹو کے ممبر ممالک نے یو کر ین کو 145 ارب ڈالر کی امداد دی ہے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یورپ کو یوکرین کے قریب ہونے کی بنا پر جنگ سے نبرد آزما ملک کو زیادہ امداد دینی چاہیے کیونکہ امریکہ کے مقابلے میں یورپی ملک اس جنگ سے زیادہ متاثر ہوں گے۔
اس سے پہلے ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ نیٹو اتحاد کے ممبر ممالک دفاع پر کافی پیسہ خرچ نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو کو اپنا دفاع کا بجٹ بڑھانا چاہیے۔
یوپی یونین کی خارجہ پالیسی کی چیف کا جا کلاس نے یورپی یونین کی ڈیفنس ایجنسی کانفرنس کے موقع پر بدھ کو کہا کہ جہاں تک دفاع پر عمومی خرچ کی بات ہے ٹرمپ یہ کہنے میں” بجا ہیں کہ ہم اتنا زیادہ خرچ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو دفاع پر زیادہ خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔”
کاجا کلاس نے زور دیا کہ یورپی یونین کو یوکرین کی” زیادہ، تیز رفتار اور اور زیادہ مستحکم ” امداد دینی چاہیے کیونکہ” یوکرین کے لوگ اپنی اور ہماری آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہم یوکرین کی مدد کے لیے مزید کچھ کر سکتے ہیں۔ “ہماری مدد کے ساتھ وہ (یوکرینی) جنگ جیت بھی سکتے ہیں۔”