لاہور (ڈیلی اردو) پنجاب میں دہشت گردی سمیت سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے سر کی قیمت مقرر کردی گئی۔
پنجاب کے وزیر قانون صہیب احمد کی زیرصدارت ریوارڈ منی کمیٹی کا محکمہ داخلہ لاہور میں اجلاس ہوا۔ اس موقع پر دہشت گردی سمیت سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے سر کی قیمت مقرر کی گئی۔
بلیک بک انویسٹی گیشن ونگ کے 101 جبکہ ریڈ بک ونگ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے 13 دہشت گردوں اور اشتہاریوں کے سر کی قیمت مقرر کی گئی۔
ریڈ بک میں شامل 16 دہشت گردوں کے سر کی قیمت جرائم کی نوعیت کے مطابق 2 لاکھ سے 1 کروڑ تک مقرر کی گئی۔ جبکہ کچے کے ڈاکوؤں کے سر کی قیمت تین کیٹیگریز میں1 کروڑ، 50 لاکھ اور 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی۔
ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اشتہاری ملزم مرید حسین کے سر کی قیمت 2 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے، اشتہاری محمد صفدر کے سر کی قیمت 5 لاکھ سے بڑھا کر 40 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔
خودکش دھماکا کے سہولت کار سعد منیر اور اعجاز کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے فی کس کرنے کی منظوری دی گئی۔
بم دھماکا میں ملوث اشتہاری عمران ستار کے سر کی قیمت 3 لاکھ سے بڑھا کر 70 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔ بم دھماکا اور ٹارگٹ کلنک میں ملوث اشتہاری سمیع اللہ کے سر کی قیمت 2 لاکھ سے بڑھا کر 60 روپے لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔
بم دھماکا میں ملوث اشتہاری عبدالمجید رشید کے سر کی قیمت 5 لاکھ سے بڑھا کر 25 روپے لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ بم دھماکا، گرجا گھر میں فائرنگ میں ملوث اشتہاری سلیمان کے سر کی قیمت 3 لاکھ سے بڑھاکر 40 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ عبیدالرحمان کے سر کی قیمت 10 لاکھ سے بڑھا کر 40 لاکھ روپے کردی گئی۔
ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اشتہاری ملزم تنویر نقوی کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے، اشتہاری عمران زیدی کے سر کی قیمت 1 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کرنےکی منظوری دی گئی۔
بم دھماکے میں ملوث اشتہاری امجد عباس کے سر کی قیمت 20 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اشتہاری رضوان علی کے سر کی قیمت 1 لاکھ سے بڑھا کر 40 لاکھ روپےکرنے کی منظوری دی گئی۔
ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اشتہاری بنیاد حسین کے سر کی قیمت 1 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اشتہاری ملزمان تنویر حسین اور عنایت اللہ شاہ کے سر کی قیمت فی کس 25 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔