لاہور (بیورو رپورٹ) صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف میں شدت پسندوں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تھانہ وہواکی جھنگی چیک پوسٹ پر 15 سے 20 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں مختلف اطراف سے حملہ کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ دہشت گردوں کی جانب سے راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینڈ سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا گیا۔
تاہم پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ ناکام بنا دیا گیا جبکہ دہشت گرد فرار ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق پولیس ٹیموں کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان منج نے پولیس آپریشن کی قیادت کی، ڈی پی او ڈی جی خان سید علی بھی ہمراہ تھے۔
ترجمان کے مطابق پولیس نے گزشتہ سال بھی یکم اور 02 مئی کی درمیانی شب اسی چوکی پر حملہ کی ناکام کوشش کی تھی، گزشتہ دو سال میں پنجاب پولیس کی سرحدی چوکیوں پر خوارجی دہشت گردوں کا یہ حالیہ 18واں حملہ ناکام بنایا گیا ہے۔
جھنگی چیک پوسٹ تونسہ شریف میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے میں واقع ہے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
ٹی ٹی پی نے دعوی کیا ہے کہ حملے میں سیکیورٹی فورسز کے پانچ اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔