ڈیرہ اسماعیل خان میں چلتی گاڑی میں دھماکا، 4 لیویز اہلکاروں سمیت 5 افراد ہلاک

ڈی آئی خان (نمائندہ ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں چلتی گاڑی میں ہونے والے دھماکے میں بلوچستان کی لیویز فورس کے چار اہلکاروں سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا کلاچی کے درابن کے علاقے میں چلتی گاڑی میں ہوا، جس کے باعث گاڑی جل کر خاکستر ہوگئی۔

پولیس حکام کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن میں شدت پسندوں نے ایک کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی اور اس میں سوار لیویز اہلکاروں سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں لیویز اہلکار نور احمد، لیویز اہلکار داود خان، لیویر اہلکار راشید خان، سویلین بلال احمد اور ڈرائیور شامل ہے۔

بلوچستان کے ضلع پشین میں تعینات لیویز فورس کے اہلکار شمس اللہ نے فون پر بی بی سی اردو کو بتایا کہ ان کے ضلع سے تعلق رکھنے والے پانچوں افراد درابن کے علاقے میں بم دھماکے کا نشانہ بنے ہیں۔

اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ چند روز پہلے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی سے ایک ٹرک ہوا تھا جسے ڈیرہ اسماعیل خان میں برآمد کیا گیا تھا۔

لیویز اہلکار کے مطابق ضلع پشین سے خانوزئی تھانے کے نائب رسالدار نور احمد کی قیادت میں تین مزید اہلکار اور ٹرک ڈرائیور ٹرک وصول کرنے اور ملزمان کو گرفتار کرنے ڈیرہ اسماعیل خان گئے تھے۔

شمس اللہ کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے سے پہلے درابن کے علاقے میں لیویز فورس کے اہلکاروں کی گاڑی بم دھماکے کا نشانہ بن گئی اور پانچوں افراد ہلاک ہوگئے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں