لاہور (ڈیلی اردو) ہائی کورٹ نے ایفی ڈرین کیس میں (ن) لیگی رہنما حنیف عباسی کی سزا معطل کرتے ہوئے ضمانت منظور کرلی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے ایفی ڈرین کیس میں سزا یافتہ (ن) لیگی رہنما حنیف عباسی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، اس دوران حنیف عباسی کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ انسداد منشیات عدالت نے کیس کے فیصلے میں اہم قانونی پہلوؤں کو نظر انداز کیا جب کہ کیس میں نامزد دیگر 7 ملزمان کو شک کی بناء پر بری کیا جا چکا ہے۔ کیس کو سیاسی بنیادوں بنایا گیا لہٰذا سزا معطل کرکے درخواست ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے حنیف عباسی کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ایفی ڈرین کوٹا کیس میں حنیف عباسی کی سزا معطل کرتے ہوئے درخواست منظور کرلی۔ عدالت کی جانب سے روبکار جاری ہونے کے بعد حنیف عباسی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت کے جج سردار محمد اکرم خان نے ایفی ڈرین کوٹا کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنما حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جب کہ دیگر 7 ملزمان کو شک کی بنا پر بری کردیا گیا تھا۔