اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستان اور ترکی کے درمیان متعدد نئے معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتوں پر جمعرات کے روز وفاقی دارلحکومت میں دستخط ہوئے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اس تقریب میں ترک صدر رجب طیب اردوغان بھی موجود تھے۔
اسلام آباد میں اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اُمید ہے صدر رجب طیب اردوغان کا دورہ پاکستان کے لیے مفید ثابت ہوگا اور پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بھی متاثر ہوا ہے اور ہو رہا ہے اور گزشتہ سال پاکستان کو بڑے سیلاب کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے بجہ سے مُلک میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مُشکل کی اس گھڑی میں ترکی نے پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا۔
دونوں ممالک کے درمیان ائیر فورس الیکٹرانک وارفیئر اور انرجی ٹرانزیشن کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔
اس کے علاوہ کان کنی کے شعبے میں تعاون، ہائیڈروکاربنز کے شعبے میں پاک ترک تعاون کے معاہدے میں ترمیم کے پروٹوکول پر بھی دستخط کیے گئے۔
ایکسپورٹ کریڈٹ بینک ترکی اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک پاکستان میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، سامان کی تجارت بڑھانے کے حوالے سے مشترکہ وزارتی اسٹیٹمنٹ پر بھی دستخط کیے گئے۔
صنعتی پراپرٹی میں تعاون کے علاوہ ترکی سیکرٹریٹ آف ڈیفنس انڈسٹریز اور وزارت دفاعی پیداوار میں بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
ترکی ایرو اسپیس انڈسٹریز اور نیول ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹیٹیوٹ اور پاکستان میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
حلال ایکریڈیٹیشن اتھارٹی آف ترکی اور پاکستان حلال اتھارٹی، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جبکہ لیگل میٹرولوجی انفرا اسٹرکچر کے قیام کے حوالے سے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت بڑھانے، صنعتی پراپرٹی میں تعاون، تجارت میں استعمال ہونے والے اوریجن سرٹیفکیٹس کی تصدیق کی ڈیجیٹائز یشن، ائیر فورس الیکٹرانک وارفیئر، ترکی کے سیکریٹریٹ آف ڈیفنس انڈسٹریز اور پاکستان کی وزارت دفاعی پیداوار کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
ان کے علاوہ دونوں مُمالک کے درمیان ترکی کی ایرو سپیس انڈسٹریز اور نیول ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹیٹیوٹ، پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے علاوہ حلال تجارت کے شعبے میں تعاون، لیگل میٹرولوجی انفرااسٹرکچر کے قیام، زرعی بیجوں کی پیدوار، پانی کے شعبے میں تعاون اور صحت اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں تکنیکی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔