باڑہ (ا ع) قبائلی ضلع خیبر کے دور افتادہ علاقے وادیٔ تیراہ کے مرکزی باغ میں تمام اقوام کا گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں باڑہ سیاسی اتحاد، مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے عہدیداران، قومی مشران اور کثیر تعداد میں علاقائی عمائدین نے شرکت کی۔
طویل مشاورت کے بعد جرگے نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ کسی بھی صورت میں امن کے نام پر مسلح کمیٹی تشکیل نہیں دی جائے گی اور مقامی آبادی اپنے آبائی علاقوں سے نقل مکانی بھی نہیں کرے گی۔
جرگے نے مؤقف اختیار کیا کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے تاہم اگر حکومت یا سیکورٹی اداروں نے عوام کو جبراً بے دخل کرنے کی کوشش کی تو قبائل اپنے گھروں کو چھوڑ کر پشاور یا دیگر علاقوں میں نہیں بلکہ اسلام آباد جا کر دھرنا دیں گے اور بھرپور احتجاج کریں گے۔
قبائلی عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئین کے مطابق عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔