اسلام آباد + کوئٹہ (نیوز ڈیسک) کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں واقع فروٹ مارکیٹ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 2 بچوں اور ایک ایف سی اہلکار سمیت 20 افراد شہید اور 48 شدید زخمی ہو گئے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی. ہزارہ برادری نے 8 افراد شہید ہونے پر دھرنا دیدیا. وزیراعظم نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوںکو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے.
ہزار گنجی،کوئٹہ میں معصوم شہریوں پر دہشت گرد حملہ نہایت المناک ہے جس کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرچکا ہوں اور فوری تحقیقات کیساتھ عوام کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ میری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کیساتھ ہیں اور میں زخمیوں کی جلد شفایابی کیلئے دعاگو ہوں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 12, 2019
کوئٹہ میں دہشت گردوں نے پھر بزدلانہ کارروائی کی، ہزار گنجی کے قریب سبزی منڈی میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 20 افراد شہید اور 48 زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکہ سبزی منڈی میں ایک گاڑی کے قریب ہوا جس نے ہر طرف تباہی مچا دی۔ دھماکے سے سبزیاں اور فروٹ دور دور تک بکھر گئے اور قریبی دکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔
دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، زخمیوں اور لاشوں کو ایمولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا۔ کئی زخمیوں کی حالت کی تشویشناک بتائی گئی ہے جس سے ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔
دھماکے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور لوگوں سے خون کے عطیات کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔دوسری جانب ہزارہ برادری نے 8 افراد شہید ہونے پر دھرنا دے دیا۔
ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق دھماکے میں 2 بچوں اور ایک ایف سی اہلکار سمیت 16 افراد شہید اور 4 ایف سی اہلکاروں سمیت 30 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والوں میں 8 افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے ہے۔
Deeply saddened & have strongly condemned the terrorist attack in Hazarganji market area of Quetta targeting our innocent people. I have asked for an immediate inquiry & increased security for the ppl. Prayers go to the families of the victims & for early recovery of the injured.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 12, 2019
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے صوبائی حکومت کو ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کو بہترین سہولیات مہیا کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ وزیراعظم نے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔