راولپنڈی (ڈیلی اردو) پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دو آپریشنز کے دوران نو شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ ابلاغِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مہمند میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران سات شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع مہمند میں شدت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاکستانی فوج کے دو اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔
ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت حوالدار محمد زاہد اور سپاہی آفتاب علی شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک علیحدہ آپریشن میں دو مزید شدپ پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے دو تھانوں پر شدت پسندوں کے حملے ناکام بنائے ہیں۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے منسوب بیان میں کہا گیا ہے کہ تھانوں پر ہونے والے حملوں میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔