پشاور (ڈیلی اردو مانیٹرنگ سیل) پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں شدت پسندوں کی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے، مختلف اضلاع میں حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 7 پولیس و سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق، کرک میں شدت پسندوں نے تین مختلف مقامات پر حملے کیے، جن میں سب انسپکٹر سمیت تین پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے۔
ادھر، پشاور میں پولیس چوکی پر حملہ ہوا، جس میں ایک اہلکار ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔ اسی طرح، باجوڑ میں چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 2 اہلکار ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
جنوبی وزیرستان میں بھی ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں ایک پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے عیسک خماری میں شدت پسندوں نے سوئی ناردرن گیس کے دفتر پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی گارڈ ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
خیبر پختونخوا میں حالیہ دنوں میں شدت پسندوں کی کارروائیوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے صوبے میں سیکیورٹی کی صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے۔