بلوچستان: کوئٹہ میں مفتی عبدالباقی نورزئی قاتلانہ حملے میں ہلاک

کوئٹہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے صوبائی حکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے مفتی عبدالباقی نورزئی ہلاک ہوگئے۔

حکام کے مطابق ایئرپورٹ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے معروف دینی شخصیت مفتی عبدالباقی نورزئی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق، حملہ آوروں نے انہیں ان کے گھر کے سامنے نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مقتول کے جسد خاکی کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔

تحقیقات کے دوران علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری ممکن ہو سکے۔

مفتی عبدالباقی نورزئی کی ہلاکت کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ مقتول کے اہل خانہ اور پیروکاروں نے حکومت سے جلد از جلد قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے ارمڑ میں بھی مفتی منیر شاکر کو ایک دھماکے میں نشانہ بنایا گیا تھا، جبکہ اس سے قبل اکوڑہ خٹک میں مفتی حامد الحق ایک خودکش حملے میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں