کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کا عسکریت پسند گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے ایک ’تربیت یافتہ عسکریت پسند‘ کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے سینیئر افسر راجا عمر خطاب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ ملزم کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے نور ولی گروپ سے ہے اور اسے تاج کمپلیکس کے قریب سے گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشتبہ شخص کے قبضے سے ایک ہتھیار برآمد ہوا ہے اور اسے ’گروپ کا ایک اہم رکن‘ قرار دیا۔

افسرکا کہنا تھا کہ ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے کراچی آنے سے قبل افغانستان سے تربیت حاصل کی اور مختلف ریسٹورنٹس میں کام کیا۔

بعدازاں، اس نے ایک سیکیورٹی کمپنی میں شمولیت اختیار کی اور پوش علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں گھروں کی حفاظت پر تعینات رہا، اپنے فارغ وقت میں وہ ٹی ٹی پی کے بارے میں کراچی میں وال چاکنگ میں مشغول رہتا تھا۔

اس نے پولیس کو بتایا کہ اس نے کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر مصباح کی ہدایت پر دسمبر 2024 میں قائداعظم محمد علی جناح کے مزار کے قریب وال چاکنگ کی تھی۔

راجا عمر خطاب کا کہنا تھا کہ ملزم نے بتایا کہ اس نے کراچی کے مختلف علاقوں کی متعدد ویڈیوز بھی ریکارڈ کر کے افغانستان بھیجی تھیں، مزید بتایا کہ گروپ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے ’ہم کراچی آرہے ہیں‘ کی پوسٹ بھی کی ہے۔

سینئر افسر نے مزید کہا کہ ملزم ڈی ایچ اے میں کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق وال چاکنگ میں ملوث تھا اور اسے ٹیکنالوجی کے استعمال سے گرفتار کیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں