چارسدہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ کے علاقے اٹکی بائی پاس پر گشت کے دوران نامعلوم شدت پسندوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق، ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور ایک مشکوک بیگ برآمد ہوا، جس پر فوری طور پر بم ڈسپوزل یونٹ (BDU) کو طلب کرلیا گیا۔ بیگ کی تلاشی کے دوران ایک ہینڈ گرنیڈ، سیفٹی فیوز اور پرائما کارڈ برآمد ہوئے، جس سے ممکنہ تخریبی کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں متحرک کردی گئی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی مزید تحقیقات میں مصروف ہیں۔