کوئٹہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگیچر میں بلوچ علیحدگی پسندوں کے حملے میں چار پنجابی مزدور ہلاک ہوگئے۔
لیویز فورس کے مطابق ہلاک ہونے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب کے ضلع صادق آباد سے تھا۔
منگیچر کے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر علی گل کے مطابق واقعہ ملنگزئی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے دن ڈھائی بجے کے قریب فائرنگ کر کے چاروں مزدوروں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت منور حسین، ذیشان، دلاور حسین اور محمد امین کے نام سے ہوئی ہے۔
لیویز حکام کے مطابق یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔ مقتول مزدوروں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کیا جا رہا ہے۔
اس حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ترجمان آزاد بلوچ نے قبول کرلی ہے۔
واضح رہے کہ منگیچر میں پہلے بھی بدامنی کے سنگین واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ اسی علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے سیکیورٹی فورسز کے 18 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔