لاہور (نمائندہ ڈیلی اردو) لاہور کی سیشن کورٹ نے توہین رسالت کے مقدمے میں مجرم محمد نذیر کو سزائے موت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے گواہوں کے بیانات اور ثبوت کی بنیاد پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن نے اپنے کیس کو بغیر کسی شک و شبہات کے ثابت کیا۔ عدالت نے مجرم کو سزائے موت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا۔
مجرم کے خلاف تھانہ سندر پولیس نے 2014 میں مقدمہ درج کیا تھا، جس میں مجرم پر ایس ایم ایس کے ذریعے توہین رسالت کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ، راولپنڈی کی مقامی عدالت نے بھی 5 افراد کو توہین رسالت اور پیکا قوانین کے تحت سزائے موت اور عمر قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ ان ملزمان کو دفعہ 295 سی میں سزائے موت، دفعہ 295 بی میں عمر قید، دفعہ 295 اے میں 10 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزائیں سنائی گئیں۔
دوسری جانب، پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف بھی توہین مذہب کے مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔ رجب بٹ سعودی عرب میں معافی کی ویڈیو جاری کرنے کے بعد واپس پاکستان آنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی واپسی پر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔