ایران دہشتگردی کا سب سے بڑا ریاستی اسپانسر: حزب اللہ، حماس، طالبان اور القاعدہ کی حمایت کرتا ہے، امریکا

واشنگٹن (نمائندہ ڈیلی اردو) امریکا نے ایران کو دہشت گردی کا سب سے بڑا ریاستی اسپانسر قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جوہری کشیدگی اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو روکے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ایرانی حکومت امریکا اور اس کے اتحادیوں کے خلاف دشمنی رکھتی ہے اور وہ حزب اللہ، حماس، حوثیوں، طالبان، القاعدہ سمیت دیگر گروہوں کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے ایران کی پاسداران انقلاب کو ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایران کے کئی حکومتی رہنماؤں کو بھی دہشت گرد قرار دیا جا چکا ہے۔

ترجمان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا، اور اگر ایران معاہدے پر آمادہ نہیں ہوا تو اس کے خلاف دیگر آپشنز بھی زیر غور ہیں، جو تہران کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں گے۔

دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن نے ایران پر بمباری کا فیصلہ کیا تو اسے سخت جوابی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکا نے غزہ کی صورتحال پر بھی حماس کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حماس تمام یرغمالیوں کو رہا کر دے اور ہتھیار ڈال دے تو صورتحال فوری طور پر بہتر ہو سکتی ہے۔ امریکی ترجمان نے حماس پر سویلین انفراسٹرکچر کے غلط استعمال کا بھی الزام لگایا اور کہا کہ تمام فریقین کو بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کرنی چاہیے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں