برطانیہ کا نیا سفری قانون: یورپی مسافروں کیلئے آن لائن اجازت نامہ لازمی

لندن (ڈیلی اردو/ڈی پی اے) برطانیہ کا سفر کرنے والے یورپی مسافروں کو آن لائن داخلے کا اجازت نامہ لینا ہوگا۔ برطانیہ کے اس نئے سفری قانون پر عمل دارآمد بُدھ چار اپریل سے شروع ہو گیا ہے۔

برطانیہ کا سفر کرنے والے یورپی باشندوں پر آج دو اپریل بروز بدھ سے آن لائن ویزا یا الیکٹرانک سفری اجازت نامہ حاصل کرنا لازم ہو گیا ہے۔ برطانوی حکام نے کہا ہے کہ ملکی سکیورٹی کو مستحکم بنانے اور برطانیہ میں غیر ملکیوں کے داخلے کے عمل کو ہموار بنانے کے لیے یہ نیا قانون نافد کر دیا گیا ہے۔ یورپ سے برطانیہ آنے والے مسافروں کو اب ڈیجیٹل الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن (eta) پرمٹ کی ضرورت ہوگی۔

آئندہ چند دنوں میں برطانیہ میں داخلے کے لیے آن لائن اجازت نامہ دس پونڈ یا بارہ یورو ادا کر کے حاصل کیا جا سکے گا تاہم نو اپریل سے یہ رقم بڑھا کر سولہ پونڈ کر دی جائے گی۔

برطانوی حکومت نے امریکہ، کینیڈا اور ویزہ سے مستثنیٰ دیگر ممالک کے شہریوں کے لیے الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن (ETA) پہلے ہی متعارف کرا دی تھی۔ واضح رہے کہ برطانیہ 2020ء میں بریگزٹ کے تحت یورپی یونین سے علیحدہ ہو گیا تھا۔

برطانیہ کی سرحدی فورس کے سربراہ فل ڈگلس نے کہا کہ برطانیہ میں داخلے کے لیے آن لائن پرمٹ کا لازمی قرار دیا جانے کا حالیہ اقدام (ETA) کے وسیع تر منصوبے کا ایک حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا،” یہ اسکیم بنیادی طور پر سرحدی حفاظتی اقدام ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ بدھ کے روز سے نافذ العمل آن لائن ویزہ پرمٹ کے حصول کے قانون سے سفر میں کسی قسم کا خلل پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ اجازت نامہ مسافروں کے برطانیہ میں داخلے کے عمل کو تیز کرے گا اور حکام کو مسافروں کی امیگریشن ہسٹری یا مجرمانہ ریکارڈ سمیت معلومات کی جانچ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا، ”اگرچہ ان اقدامات سے ہر فرد کو فائدہ پہنچے گا اور ہم کسی بھی انسانی رابطے کے بغیر یا کنٹیکٹ لس سرحدیں بنا رہے ہیں۔ اس لیے اگر وہ برطانیہ میں داخلے کے لیے کلیئر ہو جاتے ہیں، تو وہ ہمارے نئے ای گیٹس (الیکٹرانک گیٹس) کو استعمال کر سکیں گے اور وہ زیادہ تیزی سے سرحد سے گزر سکیں گے۔‘‘

ڈیجیٹل الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن درخواست دہندہ کے پاسپورٹ سے ڈیجیٹلی منسلک ہوگی اور اس کا حامل ایک باری میں چھ ماہ تک برطانیہ میں قیام کر سکتا ہے۔ جبکہ اس اجازت نامے کی معیاد دو سال تک ہو گی۔

اس اجازت نامے کے حصول کے لیے سمارٹ فون ایپ یا سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دی جا سکتی ہے، یہ سروس مارچ کے آغاز سے یورپی شہریوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔ آن لائن پرمٹ کا حصول یورپی یونین میں شامل تمام ممالک سمیت تقریباً 30 یورپی ممالک کے شہریوں پر لاگو ہوتا ہے۔ تاہم آئر لینڈ کے شہریوں کو اس سے استثنیٰ حاصل ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں