باڑہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے نواحی علاقے اکاخیل جہاز گراؤنڈ میں نامعلوم مسلح افراد نے جمعیت علمائے اسلام کے مقامی رہنما اور امام مسجد مولانا نورالہادی حقانی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔
واقعہ ضلع پشاور کے شیخان گاؤں کے ساتھ ملحقہ علاقے میں پیش آیا۔ حملے کے فوراً بعد مقامی افراد نے مولانا نورالہادی کو زخمی حالت میں پشاور کے ہسپتال منتقل کیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔
مقامی افراد اور جے یو آئی کے کارکنوں نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔