لکی مروت (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے لنگرخیل پکہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے آٹھ شدت پسندوں کو مقامی افراد نے مسجد شاہ جہان میں محصور کر لیا۔ شدت پسند مغرب کی نماز کے وقت مسجد میں داخل ہوئے، جس کے بعد مقامی افراد نے انہیں گھیر لیا اور فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق، شدت پسندوں نے مقامی افراد کو دھمکی دی کہ اگر انہیں محفوظ راستہ نہ دیا گیا تو وہ محصور افراد کو اڑا دیں گے۔ اس کے بعد مقامی کمیٹی مشران نے مذاکرات کے ذریعے شدت پسندوں کو محفوظ راستہ دینے کی شرط پر محصور افراد کو نقصان نہ پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔
پولیس کے مطابق شدت پسندوں نے قرآن پر حلف اٹھایا کہ وہ دوبارہ گاؤں لنگرخیل پکہ نہیں آئیں گے۔ اس وعدے کے بعد شدت پسندوں کو چھوڑ دیا گیا۔
اس واقعے میں سیکیورٹی فورسز کا کوئی فوری عمل دخل نہیں رہا، اور مقامی افراد کی جانب سے کیے گئے مذاکرات کے بعد شدت پسندوں کی جان بخشی کی گئی۔