خیبرپختونخوا: رواں سال دہشت گردی کے واقعات میں عوام سمیت 152 پولیس اہلکار ہلاک

پشاور (نمائندہ ڈیلی اردو) خیبرپختونخوا میں رواں سال دہشت گردی کے واقعات میں عوام اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 152 افراد ہلاک جبکہ 302 زخمی ہوئے۔ یہ اعداد و شمار دہشت گرد حملوں کی سہ ماہی رپورٹ میں جاری کیے گئے ہیں، جو ڈیلی اردو کو موصول ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال صوبے میں دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 45 عام شہری ہلاک اور 127 زخمی ہوئے، جبکہ 37 پولیس اہلکار ہلاک اور 46 زخمی ہوئے۔

قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے 29 اہلکار بھی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہلاک جبکہ 74 زخمی ہوئے۔ فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 34 اہلکار ہلاک اور 43 زخمیوں میں شامل ہیں۔

ضلعی اعداد و شمار کے مطابق، صرف بنوں میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں 124 پولیس اہلکار اور شہری ہلاک یا زخمی ہوئے۔ خیبر ضلع میں 42 اور شمالی وزیرستان میں 41 افراد ہلاک یا زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حساس اداروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 7 اہلکار ہلاک اور 12 زخمی ہوئے۔

دوسری جانب شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صرف گزشتہ ایک ماہ کے دوران 158 شدت پسند مختلف کارروائیوں میں ہلاک کیے گئے۔

رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلسل متحرک ہیں، تاہم اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال اب بھی شدید چیلنج کا شکار ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں