شمالی وزیرستان: سرینڈر کمانڈر کے گھر پر شدت پسندوں کا حملہ، 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی

میرانشاہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے والے سابق شدت پسند کے گھر پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق حملہ تحصیل میر علی کے علاقے کھجوری میں کیا گیا، جہاں ریاست کے سامنے سرینڈر کرنے والے قادر زمان امیر عرف قادرکئی کے گھر کو شدت پسندوں نے نشانہ بنایا۔

فائرنگ اور دستی بموں سے کیے گئے اس حملے میں عصمت اللہ، فاتح گربز سمیت 5 افراد موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ محمد اللہ، پاک زمان اور سلیمان سمیت کئی افراد زخمی ہوئے، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، جسے ریاست پہلے ہی فتنہ الخوارج قرار دے چکی ہے۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کے لیے “خوارج” کی اصطلاح استعمال کرتا ہے، جنہیں ریاستی بیانیے میں دین اور ریاست دونوں کے لیے خطرہ قرار دیا جاتا ہے۔

ابتدائی طور پر حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی حالیہ شدت پسندی کے سلسلے کی کڑی ہو سکتی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں