یروشلم + غزہ (ڈیلی اردو) اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں ایک نیا ’’سیکیورٹی کوریڈور‘‘ قائم کر لیا ہے، جو رفح شہر کو باقی علاقے سے کاٹ دیتا ہے۔
نیتن یاہو نے اس نئے ’’مورَگ کوریڈور‘‘ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنوبی شہر رفح، جسے اسرائیل نے خالی کرنے کا حکم دے رکھا ہے، کو باقی غزہ سے الگ کر دے گا۔ کوریڈور کا نام سابقہ یہودی بستی ’’مورَگ‘‘ کے نام پر رکھا گیا ہے جو رفح اور خان یونس کے درمیان واقع تھی۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اس کوریڈور پر 36ویں ڈویژن کے فوجی تعینات ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیلی میڈیا کی جانب سے جاری نقشوں کے مطابق یہ نیا راستہ مشرق سے مغرب تک غزہ کی پٹی کو کاٹتا ہے۔
فلسطینی و بین الاقوامی مبصرین نے اسرائیل کے اس اقدام کو ایک نیا قبضہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے انسانی بحران مزید شدید ہو جائے گا اور فلسطینی شہریوں کی نقل و حرکت محدود ہو جائے گی۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 60 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی بمباری سے تباہ شدہ علاقوں کے مناظر انسانیت کے علمبرداروں کے لیے ایک سوالیہ نشان بن چکے ہیں، جہاں ملبے تلے دبی انسانی زندگیاں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔