ہنگو (نمائندہ ڈیلی اردو) ہنگو اور کرم پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ضلع ٹل میں پولیس وین اور اسلحہ چھیننے کے واقعے میں ملوث 14 شرپسندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد امن و امان خراب کرنے اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے میں ملوث تھے۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) عباس مجید مروت نے کہا کہ ان عناصر نے دانستہ طور پر ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا اور حکومتی رٹ کو چیلنج کیا۔ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی آپریشن جاری ہے۔
آر پی او کے مطابق سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، اور کسی کو بھی پولیس یا دیگر اداروں پر حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے پولیس کے پیشہ ورانہ رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس نے مشکل حالات کے باوجود معاملہ فہمی سے کام لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی رٹ کا تحفظ پولیس کا اولین فرض ہے اور امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔