واشنگٹن (ش ح ط) صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ کے سرحدی گاؤں “گے” سے تین سیکیورٹی اہلکاروں کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے شدت پسندوں نے اغوا کر لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق ایک اہلکار کو بعد ازاں رہا کر دیا گیا، تاہم دو اہلکار باسط اور اسامہ اب بھی شدت پسندوں کی تحویل میں ہیں۔
ذرائع نے ڈیلی اردو کو بتایا ہے کہ اہلکاروں کا تعلق پاکستان آرمی اور ایف سی سے ہے۔
یہ علاقہ خیبر پختونخوا کی سرحد سے متصل ہے، جہاں اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ مقامی عمائدین اہلکاروں کی بحفاظت رہائی کے لیے جرگہ لے کر شدت پسندوں سے بات چیت کے لیے جا رہے ہیں۔
تاحال حکام کی جانب سے واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔