کراچی (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے لی مارکیٹ پیچر روڈ پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے انتہائی مطلوب دہشت گرد جمیل احمد عرف قاری صاحب کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے دستی بم بھی برآمد کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق جمیل احمد سوشل میڈیا کے ذریعے سرگرم تھا اور حساس مقامات کی ویڈیوز بنا کر حماد انصاری نامی شخص کو بھیجتا تھا، جو ان ویڈیوز کو ایڈیٹ کر کے مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر اپلوڈ کرتا تھا۔ حماد انصاری کا تعلق بھی ایک اہم کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ حماد انصاری نے ہی جمیل احمد کو حساس تنصیبات کی نگرانی اور ویڈیوز بنانے کا ٹاسک دیا تھا۔ گرفتار دہشت گرد کے خلاف سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، اور مزید تفتیش جاری ہے۔