ڈی آئی خان (ع ع) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ کے علاقے کھوئی بہارہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے ایک پولیس اہلکار، افسر جان، کو اغوا کر لیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکار کو کئی روز تک شدت پسندوں نے اپنی تحویل میں رکھا۔ بعد ازاں مقامی قبائلی مشران کی مداخلت اور باقاعدہ ضمانت کے بعد اسے رہا کر دیا گیا۔
مقامی حلقے اس پیش رفت کو ریاستی رٹ کے کمزور ہونے کی علامت قرار دے رہے ہیں، جبکہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ جنوبی خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں حالیہ مہینوں کے دوران شدت پسند سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی صورتحال تشویشناک حد تک بگڑ چکی ہے۔