لکی مروت + وانا (نمائندگان ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے بڑی تخریبی کارروائی کو بروقت ناکام بنا دیا۔ تھانہ ڈڈیوالہ کی حدود میں واقع گاؤں ویندہ میدلی کے قریب لنڈی واہ کے مقام پر نامعلوم شرپسندوں نے ایک ٹیوب ویل کے کمرے میں 15 کلوگرام وزنی بم نصب کر رکھا تھا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ (BDS) نے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔
پولیس کو بم کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بم کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا گیا، جس سے ایک ممکنہ سانحہ ٹل گیا۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ علاقے میں امن و امان قائم رکھا جا سکے۔
جنوبی وزیرستان
ادھر خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے کریکوٹ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک موبائل فون ٹاور کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں ٹاور کی تمام مشینری تباہ ہو گئی اور علاقے میں جاز نیٹ ورک کی سروسز مکمل طور پر معطل ہو گئیں۔
واقعے کی تصدیق مقامی ذرائع نے منگل کے روز کی، تاہم آتشزدگی کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں اور نہ ہی کسی گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ واقعے کے بعد کریکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں رابطہ منقطع ہونے سے مقامی آبادی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔
علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے میں اپنی رٹ بحال کرے، مواصلاتی سہولیات فوری بحال کی جائیں اور اہم تنصیبات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ حکام کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔